ٹوکنہ پلوامہ// جنوبی کشمیر میں سرگرم حزب المجاہدین کے ایک سرکردہ کمانڈر ریاض نائیکو نے ساتھی جنگجو شارق احمد کے جنازے میں نمودار ہوکر ہزاروں لوگوں کو جذباتی انداز میں خطاب کیا اور کہا کہ جموں کشمیر میں جاری ”تحریکِ آزادی“کو بدنام کرنے کیلئے القائدہ کے قیام کے شوشے چھوڑے جارہے ہیں۔
”پاکستانی پرچم ہمارا پرچم ہے،ہماری تحریک کو القائدہ اور آئی ایس آئی ایس سے جوڑنا اس تحریک کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے“۔
جدید اسلحہ سے لیس ریاض نائیکو ٹہب میں آج صبح ایک اور ساتھی سمیت مارے گئے شارق احمد کے جلوس جنازہ میں اچانک ہی نمودار ہوئے اور اُنہیں دیکھ کر یہاں کا ماحول انتہائی جذباتی ہوگیا کہ لوگ اُنسے ہاتھ ملانے اور اُنہیں ایک نظر دیکھنے کیلئے بیتاب ہوتے دیکھے گئے۔نائیکو نے بعدازاں ہزاروں سوگواروں سے جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے اُنسے ”سازشوں کا شکار“نہ ہونے کی اپیل کی۔ حزب کے باغی ذاکر موسیٰ،جنکی سربراہی میں مبینہ طور حال ہی القائدہ سے منسلک انصار الغزوت الہند نامی تنظیم بنائی گئی ہے،کا نام لئے بغیر ریاض نائیکو نے کہا ”لازم نہیں ہے کہ اسلام کا جھنڈا اُٹھانے والے سب لوگ ہمارے اپنے ہوں“۔
ذاکر موسیٰ کی جانب سے پاکستانی پرچم کے خلاف شروع کی گئی مہم کی تفصیلات میں گئے بغیر نائیکو نے تاہم اس جانب اشارہ کیا اور کہا”پاکستانی پرچم ہمارا پرچم ہے،ہماری تحریک کو القائدہ اور آئی ایس آئی ایس سے جوڑنا اس تحریک کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے“۔اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو اُن عناصر کی حمایت نہیں کرنی چاہیئے کہ جو پاکستانی پرچم اور ”بھارت سے آزادی کی جدوجہد“کی مخالفت کرتے ہیں۔یہاں سے چلے جانے سے قبل ریاض نائیکو نے پاکستان کے حق میں،تیری جان میری جان-پاکستان پاکستان اور پاکستان سے رشتہ کیا-لاالٰہ الی اللہ،کے جیسے زور دار نعرے لگائے ۔