نئی دلی// وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ نے ایک حملے میں امرناتھ یاتریوں کے ہلاک ہونے کی وسیع پیمانے پر مذمت کرنے کیلئے کشمیری سماج کی تعریفیں کی ہیں۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعہ کی وسیع پیمانے پر ہوئی مذمت سے واضح ہوا ہے کہ ”کشمیریت اب بھی زندہ ہے“۔
”کشمیر میں سماج کے ہر طبقے نے امرناتھ یاتریوں پر ہوئے افسوسناک اور بُزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے،میں ریاست کے لوگوں کو سلام کرتا ہوں“۔ (راجناتھ سنگھ)
سوموار کی رات کو جنوبی کشمیر کے اسلام آباد ضلع میں بٹنگو کے مقام پر یاتریوں کی ایک گاڑی کے پولس پر ہوئے حملے کی زد میں آنے سے کم از کم چھ یاتری ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے تھے۔اس واقعہ کے حوالے سے کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے بلائی گئی ایک میٹنگ،جس میں اور لوگوں کے علاوہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈاول نے بھی شرکت کی،کے بعد راجناتھ سنگھ نے کشمیریوں کی خوب تعریفیں کیں۔ اُنہوں نے کہا”کشمیر میں سماج کے ہر طبقے نے امرناتھ یاتریوں پر ہوئے افسوسناک اور بُزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے،میں ریاست کے لوگوں کو سلام کرتا ہوں“۔اُنہوں نے مزید کہا”کشمیر میں کسی نے بھی اس حملے کی تعریفیں کی ہیںاس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہاں کشمیریت اب بھی زندہ ہے،اس سے مجھے ایسی(حملہ کرنے والی)طاقتوں کے ساتھ لڑنے کا حوصلہ بھی ملتا ہے“۔
واضح رہے کہ یاتریوں کے حملے کی زد میں آکر ہلاک ہوجانے کی کشمیر میں وسیع پیمانے پر مذمت ہوئی ہے۔علیٰحدگی پسندوں کی مشترکہ قیادت کے علاوہ خود لشکرِ طیبہ،جسے پولس نے اس حملے میں ملوث ٹھہرایا ہے،نے بھی حملے کی کڑی الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خود کو اس سے الگ بتایا ہے۔