اسلام آباد// جنوبی کشمیر کے اسلام آباد ضلع میں سوموار کی شام پولس پر پے در پے ہوئے کئی حملوں کے دوران امرناتھ یاتریوں کی ایک گاڑی کے زد میں آجانے سے چھ یاتری ہلاک اور دیگر سولہ زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے چار کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ اس حملے کی کشمیر میں وسیع پیمانے پر مذمت کی جارہی ہے تاہم پولس کا خود بھی کہنا ہے کہ حملے کا اصل نشانہ یاتری نہیں بلکہ پولس تھی اور یاتری حادثاتی طور زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔
پولس ذرائع کا کہناہے کہ جنگجوئوں نے اسلام آباد کے بٹنگو قصبہ میں پہلے پولیس کے موبائل بنکر پر حملہ کیا جس کے جواب میں فائرنگ کی گئی اور اس میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ۔ اس واقعے کے بعد جنگجوئوں نے ناکہ کھنہ بل میں پولس کے ناکہ پر حملہ کیا یہاں بھی جوابی فائرنگ کی گئی ۔اس موقعے پر سیاحوں سے بھری ایک بس گولیوں کی زد میں آگئی ۔حملے میں 6افراد موقعہ پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج و معالجہ کیا جارہا ہے ۔
پولیس بیان کے مطابق یہ بس بالہ تل سے جموں کی طرف جارہی تھی اور کانوائے کا حصہ نہیں تھی ۔اس سے قبل آئی جی پی کشمیر نے بھی اس بات کی وضاحت کی کہ جنگجوئوں کا نشانہ کوئی مسافر گاڑی نہیں بلکہ فورسز اور پولیس پارٹی تھی اور بدقسمتی سے اس حملے کی زد میں بیرونی مسافروں سے بھری یہ بس بھی آگئی ۔مارے گئے مسافروں کا تعلق ریاست گجرات سے بتایا جارہا ہے ۔