سرینگر//
بھارتیہ جنتا کے سینئر لیڈر اور ایم ایل سی اشوک کھجوریہ نے علیٰحدگی پسند لیڈروں کی نکتہ چینی کرتے ہوئےدھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کو آزادی مانگنے والوں کا قبرستان بنادیا جائے گا۔ اسمبلی میںجی ایس ٹی بل پر بحث و مباحثہ میں شریک ہوکر کھجوریہ نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ علیٰحدگی پسندوں نے اپنی ”گندی سیاست“کے لئے جموں کشمیر کی چار پیڑیوں کو تباہ کردیا ہے۔
دھمکی آمیز لہجے میں اشوک کھجوریہ نے کہا”ہم کسی کو ہماری اگلی پیڑیوں کے مستقبل کو برباد کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔علیٰحدگی پسندوں نے ہمارے بچوں کو بہت برباد کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ حد میں رہیں اور اپنا وطیرہ درست کرلیں۔اگر وہ اپنا موقف نہیں بدلیں گے،ہم انکے لئے حالات مشکل بنادینگے“۔اشوک کھجوریہ نے مزید طیش میں آکر سخت الفاظ کا استعمال کیا اور دھمکی دیتے ہوئے کہا”ہم ہماری زمین پر رہتے ہوئے آزادی مانگنے اور پاکستان کی حمایت کرنے والوں کے لئے جموں کشمیر کو قبرستان بنادینگے“۔
”ہم ہماری زمین پر رہتے ہوئے آزادی مانگنے اور پاکستان کی حمایت کرنے والوں کے لئے جموں کشمیر کو قبرستان بنادینگے“
اشوک کھجوریہ نے علیٰحدگی پسندوں کے ساتھ ساتھ سابق وزیرِ اعظم جواہر لال نہرو اور رریاست کے سابق وزیرِ اعلیٰ شیخ عبداللہ کو بھی نشانہ بنایا اور اُنہوں نے کہا کہ علیٰحدگی پسندوں سے قبل ان دونوں نے جموں کشمیر کو تباہ کردیا تھا۔ اُنہوں نے مزید کہا ”ہماری سرکار مفادِ خصوصی رکھنے والے عناصر کوجی ایس ٹی جیسے اصلاحاتی اقدامات کو یرغمال بنانے میں کامیاب نہیں ہونے دےگی“۔واضح رہے کہ ریاست میں جی ایس ٹی کے نفاذ کو لیکر تنازعہ جاری ہے کہ جہاں کشمیر کی تاجر برادری،عوام اور سیول سوسائٹی اس قانون کے نفاذ سے ریاست کی اٹانومی کو دھچکہ لگنے کے خدشات کے ساتھ اسکی مزاحمت کر رہی ہیں وہیں سرکار اسکے نفاذ کیلئے اُتاولی ہورہی ہے۔ اپوزیشن و عوام کا مطالبہ تھا کہ ریاست میں اگر جی ایس ٹی کا نفاذ عمل میں ہی لانا ہے تو پھر ایک الگ قانون بنایا جانا چاہیئے تاہم سرکار اس بات پر آمادہ نہ ہوئی اور زبردست شور شرابا کے بیچ کل ایوان میں جی ایس ٹی کی بل با الآخر منظور کردی گئی اور جی ایس ٹی کے نفاذ کا راستہ صاف کر دیا گیا۔(بشکریہ رائزنگ کشمیر)