سرینگر// اسوقت جب جنگجو تنظیموں کے اتحاد متحدہ جہاد کونسل نے حزب کمانڈر بُرہان وانی کی پہلی برسی کے موقعہ پر ہفتے بھر کے لئے احتجاجی کلینڈر دے دیا ہے جموں کشمیر سرکار نے سبھی اسکولوں اور کالجوں میں ہفتے بھر کی ”گرمائی چھٹی“کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔وادی میں چمہ گوئیاں ہورہی ہیں ۔سرکار پر الزام ہے کہ جنگجو قیادت کے دئے ہوئے احتجاجی پروگرام کے سامنے بے بس ہوکر اس نے بچوں کے تعلیمی کیرئر کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی کوشش کی ہے۔
بعض حلقوں کا الزام ہے کہ سرکار نے جنگجو تنظیموں کے احتجاجی کلینڈر کے سامنے بے بس ہوکر گرمائی چھٹی کا بہانہ کرکے اپنی خفت مٹانے کی کوشش کی ہے
کل یہاں سے جاری ہوئے ایک سرکاری حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ وادی کشمیر کے سبھی سرکاری و تسلیم شدہ نجی اسکول 6جولائی سے 16جولائی تک گرمائی چھٹی پر رہیں گے۔حالانکہ ریاست میں گرمائی چھٹیوں کی روایت ہے تاہم یہ چھٹیاں درجہ حرارت کے ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ جانے پر ہی کی جاتی ہیں جبکہ ابھی وادی میں موسم معمول سے زیادہ ٹھنڈا ہے اور لگاتار برسات ہورہی ہے۔دلچسپ ہے کہ سرکار کی چھٹی کا کلینڈر جنگجو قیادت کے اُس کلینڈر سے ہم آہنگ ہے کہ جسکے تحت اس نے حزب کمانڈر بُرہان وانی کی پہلی برسی کے موقعہ پر ہفتے بھر پر محیط کلینڈر جاری کیا ہے۔جنگجو تنظیموں کے اتحاد متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے ہفتے بھر کے لئے ہڑتال کی کال دی ہے اور لوگوں سے بُرہان وانی کی یاد میں مختلف ایام پر مختلف سرگرمیوں میں مشغول رہنے کے لئے کہا ہے۔اندازہ ہے کہ وانی،جنکے گزشتہ سال مارے جانے پر وادی میں قریب چھ ماہ کے لئے مسلسل ہڑتال ہوئی تھی اور اس دوران سرکاری فورسز کی کارروائی میں سو بھر افراد مارے گئے تھے، کی برسی کے موقعہ پروادی میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوسکتے ہیں۔
” وادی میں عام طور پر گرمائی چھٹیوں کا اعلان تب ہی کیا جاتا ہے کہ جب درجہ حرارت نا قابل برداشت حد تک بڑھ جاتا ہے لیکن حیرانگی کی بات یہ ہے کہ آج جب درجہ حرارت انتہائی معتدل ہے سرکار نے گرمائی چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے“۔
بعض حلقوں کا الزام ہے کہ سرکار نے جنگجو تنظیموں کے احتجاجی کلینڈر کے سامنے بے بس ہوکر گرمائی چھٹی کا بہانہ کرکے اپنی خفت مٹانے کی کوشش کی ہے۔چناچہ اس سلسلے میں عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی انجینئر رشید کا کہنا ہے” چونکہ کشمیر کے تعلیمی سال کا بیشتر حصہ ،سرکاری فورسز کی طرفسے تعلیمی اداروں میں بربریت کی وجہ سے پیدا شدہ، امن و قانون کی صورتحال کی نذرہوچکا ہے اور اب رہی سہی کسر سرکار کے بلا جواز فیصلے نے پوری کر لی ہے“۔عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ چونکہ متحدہ جہاد کونسل کے چیف نے معروف جنگجو کمانڈر بُرہان وانی کی پہلی برسی پر مختلف پروگراموں کا کلینڈر جاری کیا ہوا ہے ایسا لگتا ہے کہ ریاستی سرکار بے بس ہوکر اسکولوں میں چھٹی کا بہانہ کرکے خفت سے بچنا چاہتی ہے۔انکا کہنا ہے ” وادی میں عام طور پر گرمائی چھٹیوں کا اعلان تب ہی کیا جاتا ہے کہ جب درجہ حرارت نا قابل برداشت حد تک بڑھ جاتا ہے لیکن حیرانگی کی بات یہ ہے کہ آج جب درجہ حرارت انتہائی معتدل ہے سرکار نے گرمائی چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے“۔انہوں نے کہا ہے کہ گرمائی چھٹیوں کا بلا جواز فیصلہ اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ جنگجو قیادت کو حد درجہ عوامی حمایت حاصل ہے اور اسکے کلینڈروں اور پروگراموں پر لوگ پوری طرح عمل کرتے ہیں جبکہ سرکار بے بس اور بہانہ بنانے پر مجبور ہے۔