سرینگر// آرونی بجبہاڑہ میں جنگجووں اور سرکاری فورسز کے مابین جھڑپ کی جگہ جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران ایک اور کمسن لڑکے کو مار ڈالا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ احسان احمد ڈار ولد مشتاق احمد ساکن شمس پورہ کی عمر محض 14 سال ہے اور انہیں گولی لگنے کے بعد قیموہ اسپتال پہنچایا گیا تھا جہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔
آرونی میں صبح سے ہی محصور جنگجووں اور سرکاری فورسز کے مابین جھڑپ جاری ہے جبکہ ہزاروں لوگ جائے واردات کے نزدیک جمع ہیں اور سرکاری فورسز پر سنگبازی کرتے ہوئے جنگجووں کو فرار ہونے کا موقعہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری فورسز نے مطاہرین کو بھگانے کے لئے آنسو گیس چھوڑی،پیلٹ چلائے اور فائرنگ بھی کی جس سے کئی ایک مظاہرین زخمی ہوگئے ہیں۔ یہاں اس سے قبل بھی ایک نوجوان احتجاجی محمد اشرف ساکن کھار پورہ کی موت واقع ہوئی تھی جبکہ درجن بھر افراد زخمی بتائے جارہے ہیں۔ پورے جنوبی کشمیر میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔