سرینگر// جنگجووں نے کل جنوبی کشمیر کے کولگام اور پھر شام گئے سرینگر کے حیدرپورہ میں اچانک حملے کرتے ہوئے دو پولس اہلکاروں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا ہے۔ کولگام کے بوگنڈ نامی گاوں میں نا معلوم جنگجووں نے سہ پہر ساڑھے چار بجے کے قریب شبیر احمد ڈار ولدعبدالرحمان نامی پولس اہلکار کو اُنکے گھر کے نزدیک گولی مار کر ہلاک کردیا۔ ایس پی او کے بطور پولس کے سپیشل آپریشنز گروپ(ایس او جی)میں کام کرنے کے بعد حال ہی باضابطہ سپاہی بن چکے ڈار کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ چھُٹی پر گھر آئے ہوئے تھے اور گھر کے باہر کہیں جارہے تھے کہ نا معلوم جنگجووں نے نزدیک سے اُن پر گولی چلاکر اُنہیں ہلاک کردیا۔ڈار کو خون میں لت پت چھوڑ کر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ڈار کے رشتہ داروں نے اُنہیں ضلع اسپتال کولگام پہنچادیا تھا تاہم وہ راستے میں ہی ٹھنڈے پڑ چکے تھے۔
کولگام کے ضلع اسپتال کے سپرانٹنڈنٹ آر ڈی کسانہ نے بتایا کہ زخمی پولس والے نے اسپتال پہنچائے جانے سے پہلے ہی دم توڑ دیا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ مذکورہ کی گردن،چہرے اور ٹانگوں پر گولیاں لگی تھیں اور کافی خون بہہ چکا تھا جسکی وجہ سے وہ اسپتال پہنچائے جانے سے قبل ہی ہلاک ہو چکے تھے۔پولس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈار کو بعدازاں کولگام کی پولس لائینز پہنچایا گیا جہاں اعلیٰ افسروں نے اُنہیں خراجِ عقیدت کے بطور اُنکی لاش پر پھولوں کے ہار رکھے اور بعدازاں اُنہیں تدفین کے لئے لواحقین کے حوالے کیا گیا۔
اس واقعہ کے فوری بعد بوگنڈ اور ملحقہ علاقوں میں زبردست فوجی جماو کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی تھی تاہم سرکاری فورسز کے ہاتھ کچھ نہیں آسکا ہے۔ علاقے میں لوگوں نے بتایا کہ اس واقعہ کے فوری بعد فوج،پولس اور سی آر پی ایف کی بھاری کمک یہاں آپڑی تھی جس سے یہاں خوف و حراس پھیل گیا۔
ادھر دیر شام سرینگر کے پاش حیدرپورہ علاقہ میں نا معلوم جنگجووں نے ایک پولس پارٹی پر حملہ کرکے دو اہلکاروں کو زخمی کردیا جن میں سے بعدازاں ایک،شہزاد دلاور صوفی ساکن اشٹنگو بانڈی پورہ، نے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا۔آئی جی پی کشمیر منیر خان نے حملے میں ایک پولس اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اُنکے پیٹ میں گولی لگی تھی اور وہ جانبر نہیں ہو سکے تاہم دوسرے زخمی کی ران میں گولی لگی ہے اور اُنکی حالت خطرے سے باہر ہے۔سرینگر میں بڑے دنوں بعد اس طرح کا حملہ ہوا ہے حالانکہ اس سے قبل گزشتہ دنوں نا ملوم جنگجووں نے شہرِخاص کے نوہٹہ اور پھر صراف کدل علاقہ میں سرکاری فورسز کو گرنیڈوں سے نشانہ بنایا تھا حالانکہ ان حملوں میں فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔