بانڈی پورہ// شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں سی آر پی ایف کی طرفسے گزشتہ روز ایک خود کُش حملے کو ناکام بناکر چار جنگجوو¿ں کو مار گرانے کے اگلے دن آج فورس کی ڈائریکٹر جنرل راجیو رائے نے آج وادی کا ہنگامی دورہ کرکے حملے کا نشانہ بنائے گئے کیمپ کا دورہ کیا۔انہوں نے کوئی نقصان اٹھائے بغیر چاروں حملہ آوروں کو کیمپ میں داخل ہونے سے روکنے اور انہیں مار گرانے کے لئے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔
سی آر پی ایف کی 45بٹالین کے ہیڈکوارٹر واقع سُمبل بانڈی پورہ پر گزشتہ رات خود کُش حملے ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیمپ کے محافظین نے چار حملہ آوروں کو کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے کے دوران مار گرایا۔اس آپریشن کے لئے وزیرِ داخلہ راج ناتھ سنگھ نے فوری طور سی آر پی ایف کو مبارکباد دی تھی اور آج راجیو رائے وادی کے ہنگامی دورے پر آکر سُمبل چلے گئے جہاں انہوں نے 45ویں بٹالین کے افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ ملاقات کی۔معلوم ہوا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل نے سی آر پی ایف نے سینئر آفیسران کے ساتھ وادی کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال کے بارے میں مکمل تفصیلات حاصل کی ۔
میٹنگ کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ جموںوکشمیر پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان قریبی تال میل سے ہی جنگجوو¿ں کے بڑے حملے کوبروقت ٹالا اور ناکام بنا دیاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ جنگجووں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے سی آر پی ایف اہلکاروں کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جوکوئی بھی اس ضمن میں ملوث قرار پائے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔راجیو رائے نے کہاکہ سی آر پی ایف اور دیگر فورسزریاست میں مشترکہ طورجنگجوئیت کا مقابلہ کررہی ہےں۔ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ” ہم خفیہ معلومات حاصل کررہے ہیں اور ہر چیز صحیح جارہی ہے۔ہم نے اس مہینے چند کامیاب آپریشن کئے ہیں۔ڈی جی سی آر پی ایف کا کہنا تھا کہ ہم غیر ملکی جنگجووں کو تلاش کریں گے اور بھارت کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والوں کو ختم کریں گے“۔