سرینگر //
سرینگر شہر میں گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے رش اور انہیں کھڑا کرنے کے لئے جگہ کی کمی کے مسئلہ سے نپٹنے کے لئے بدھ کو یہاں اپنی نوعیت کی پہلی نیم خود کار، کار پارکنگ سہولت کا افتتاح کیا گیا جبکہ سرکار نے اس طرح کی مزید سہولیات کی ضرورت کا اعتراف کرتے ہوئے ضروری ڈھانچہ کو وسعت دئے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سرینگر کے مولانا آزاد روڑ پر قدیم کے ایم ڈی اڈہ کی جگہ قائم کردہ یہ جدید کار پارکنگ لالچوک آنے والے لوگوں کے لئے ایک بہت بڑی راحت ہو گی اور اس سے اس علاقے میں آئے دنوں ہورہے ٹریفک جام کے مسئلے سے بھی نپٹا جاسکے گا۔ اس نوعیت کی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی کار پارکنگ سہولیت ریاست میں پہلی بار قائم کی گئی ہے اور وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اسکا افتتاح کیا۔ اُنہوں نے پارکنگ سہولیت میں مختلف پارکنگ سطحوں کا جائیزہ لیا اور گاڑیوں کی پارکنگ اور انہیں وہاں سے نکالنے کا مشاہدہ کیا۔اس منصوبے کو تیار کرنے والی اکنامک ری کنسٹرکشن ایجنسی یا ”ایرا“کے حاکموں نے وزیر اعلیٰ کو پروجیکٹ کے خدو خال کے بارے میں جانکاری دی۔
شہر کے مصروف ترین تجارتی مرکز میںزائد از 1545مربع میٹر پر پھیلی ہوئی یہ پارکنگ سہولیت 27.15 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے اور اس میں 288 گاڑیوں کو پارک کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہر میں گاڑیوں کی تعداد میں ہو رہے اضافے کے سبب اس نوعیت کی سہولیت کی ضرورت کا احساس کافی وقت سے تھا۔ اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سہولیت کے قیام سے لال چوک اور گردو نواح میں ٹریفک کے دباومیں کمی آئے گی اور مسافروں کو راحت ملے گی۔
اس جدید کار پارکنگ میں گاڑیوں کو کھڑا کرنے سے واپس لے جانے اورفیس کی ادائیگی سے رسید حاصل کرنے تک کا سارانظام خود کار ہے۔ شہر کے مصروف ترین تجارتی مرکز میںزائد از 1545مربع میٹر پر پھیلی ہوئی یہ پارکنگ سہولیت 27.15 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے اور اس میں 288 گاڑیوں کو پارک کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ سہولیت 4 بیز پر مشتمل ہے اور ہر ایک میں 72 گاڑیوں کو پارک کرنے کی گنجایش ہے اس کے علاوہ عمارت میں ایک کمرشل کمپلیکس ،دفتر اور بیت الخلاءبھی موجود ہے۔ سہولیت کی تعمیر اکنامک ری کنسٹریکشن ایجنسی نے ایشین ڈیولپمنٹ بنک کی مالی معاونت سے کی ہے اور پروجیکٹ کی تکمیل دو برسوں میں مکمل کی گئی۔