اسلام آباد//
پاکستان کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ نکیال سیکٹر میں انڈین فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں چار شہری زخمی ہو گئے ہیں۔سنیچر کی شب فوج کے محکمہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ لائن آف کنٹرول پر نکیال سیکٹر کے گاؤں تھروٹی میں انڈیا کی گولہ باری کے نتیجے میں 65 سالہ برکت بیگم سمیت چار افراد زخمی ہوئے جن میں ایک 12 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے فوجی دستوں کی جانب سے انڈین فوج کی گولہ باری کا موثر جواب دیا گیا۔یاد رہے کہ گذشتہ دنوں انڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی فوج نے اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں گشت کرنے والی فوجی پارٹی پر حملہ کر کے دو فوجیوں کو ہلاک اور ان کی لاشیں مسخ کر دی ہیں۔تاہم پاکستانی فوج نے ان دعووں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے ایل او سی کے پار کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔
انڈین فوج نے فوجیوں کی ہلاکت اور لاشوں کو مسخ کیے جانے کے خلاف گذشتہ روز منگل کو ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل کی میٹنگ میں بھی پاکستان کو متنبہ کیا تھا کہ انڈین فوج اس واقعے کے لیے اپنے وقت اور منتخب جگہ پر جواب دے گی۔