سرینگر کے چسٹ ڈیزیز اسپتال میں داخل کرونا وائرس کے ایک 65 سالہ شخص نے ابھی ابھی دم توڑ دیا ہے اور یہ دنیا بھر میں ہزاروں لوگوں کی ہلاکت کا باعث بن رہی وبا کی وجہ سے کشمیر میں ہونے والی پہلی موت ہے۔
سرکاری ذرائع نے اس افسوسناک واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مریض کا بہترین علاج کرنے کے باوجود بھی انہیں جانبر نہیں کیا جاسکا۔ان ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ شخص کرونا وائرس کا شکار ہونے سے قبل ذیابطیس،بلند فشارِ خون اور موٹاپا کے امراض کا شکار تھے اور انہیں موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔
اصل میں سوپور اور ابھی حیدرپورہ سرینگر میں رہائش پذیر مریض حال ہی میں اترپردیش اور دیگر کئی جگہوں کے سفر سے لوٹے تھے اور انکی وجہ سے کئی دیگر افراد بھی کرونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ جموں کشمیر میں ابھی کرونا مریضوں کی تعداد 11 تک پہنچ چکی ہے۔